حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو دینی و مذہبی خدمات کے لیے بروئے کار لاتے ہوئے راجہ محبوب علی مقپون سکردو بلتستان پاکستان نے ’’بیاض (BAYAZ)‘‘ کے نام سے ایک جامع موبائل ایپلی کیشن تیار کی ہے، جس میں قرآن کریم، دعائیں، زیارات، اعمال، نوحے، مرثیے، قصائد، منقبت اور سلام سمیت متنوع دینی و ادبی مواد ایک ہی پلیٹ فارم پر فراہم کیا گیا ہے۔
اس ایپلی کیشن کا بنیادی مقصد قرآن کریم اور اہلِ بیت علیہم السلام سے وابستہ علمی، مذہبی اور ادبی ذخیرے کو جدید ذرائع کے ذریعے محفوظ کرنا اور دنیا بھر کے مؤمنین، علمائے کرام، طلبہ، ذاکرین، شعراء اور نوحہ خوانوں تک آسانی سے پہنچانا ہے۔
بیاض ایپ میں قرآن کریم کی تمام 114 سورتیں اور 30 پارے عربی متن کے ساتھ موجود ہیں، جبکہ اردو اور انگریزی تراجم کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ دعاؤں اور زیارات کے شعبے میں دعائے کمیل، دعائے توسل، دعائے جوشن کبیر، دعائے جوشن صغیر، دعائے ابوحمزہ ثمالی، دعائے عرفہ، زیارت عاشورا، زیارت جامعہ کبیرہ اور صحیفہ سجادیہ کی 54 دعائیں شامل ہیں۔
اس ایپ کی ایک نمایاں خصوصیت مختلف زبانوں میں مذہبی و ادبی کلام کی فراہمی ہے۔ اس میں اردو، فارسی، بلتی، کشمیری، پنجابی اور انگریزی زبانوں میں نوحے، مرثیے، قصائد، منقبت اور سلام کا ذخیرہ موجود ہے، جو بالخصوص شعراء، نوحہ خوانوں، ذاکرین اور مذہبی ادب سے وابستہ افراد کے لیے مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
ایپ میں جدید سرچ سسٹم بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے صارفین کسی بھی کلام کو اس کے عنوان، اشعار کی سطر، شاعر یا نوحہ خوان کے نام سے تلاش کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ پسندیدہ تحریروں کو محفوظ کرنے اور دستیاب آڈیو و ویڈیو لنکس کے ذریعے کلام سننے کی سہولت بھی موجود ہے۔
بیاض ایپ میں نماز کے اوقات، قبلہ نما، ڈیجیٹل تسبیح اور اسلامی ہجری کیلنڈر جیسی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ ایپ میں موجود مواد کو ابتدائی طور پر لوڈ کرنے کے بعد انٹرنیٹ کے بغیر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ ایپ مفت دستیاب ہے اور اس میں کسی قسم کے اشتہارات شامل نہیں ہیں۔

راجہ محبوب علی مقپون کی اس کاوش کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ شعراء اور نوحہ خوان اپنے نوحے، مرثیے، قصائد، منقبت اور سلام ایپ میں شامل کروانے کے لیے جمع کرا سکتے ہیں۔ جائزے کے بعد ان کی تخلیقات متعلقہ شاعر یا نوحہ خوان کے نام کے ساتھ ایپ میں شائع کی جا سکتی ہیں۔ اس سہولت کے ذریعے مذہبی و ادبی ورثے کو محفوظ بنانے اور نئی نسل تک پہنچانے میں مدد مل سکتی ہے۔
بیاض ایپ اینڈرائیڈ موبائل صارفین کے لیے گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہے، جبکہ آئی فون اور کمپیوٹر استعمال کرنے والے افراد بھی اس کی ویب سائٹ کے ذریعے استفادہ کر سکتے ہیں۔
ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کا لنک:
https://play.google.com/store/apps/details?id=pk.bayaz.app
آئی فون اور کمپیوٹر کے لیے ویب سائٹ:
https://bayaz.pk
راجہ محبوب علی مقپون کی یہ علمی و تکنیکی کاوش اس امر کی مثال ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کو دینی، علمی اور مذہبی خدمات کے فروغ کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ایسی کوششیں نہ صرف دینی و مذہبی سرمایہ محفوظ بنانے میں معاون ہیں بلکہ قرآن کریم اور اہلِ بیت علیہم السلام سے وابستہ علمی و ادبی ذخیرے کو عالمی سطح پر قابلِ رسائی بنانے کا ذریعہ بھی ہیں۔










آپ کا تبصرہ